اُاڈپی 4/جون (ایس او نیوز) اُڈپی میں کووِڈ متاثرین کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ کل شام تک مزید 61معاملات میں رپورٹ پوزیٹیو آنے کے ساتھ جملہ مریضوں کی تعداد 471ہوگئی ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹرسدھیر چندرا سوُڈانے بتایا کہ جن 61مریضوں کی رپورٹ پوزیٹیو آئی ہے وہ سب مہاراشٹرا سے لوٹے ہوئے لوگ ہیں۔ان میں 44مرد اور 17 خواتین شامل ہیں۔ان تمام مریضوں کو ان کے گھروں سے نکال کر علاج کے لئے کووِڈ اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔57مریضو ں کو کنداپور کے اسپتال میں رکھا گیا ہے اور بقیہ 4مریضوں کو اڈپی کے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید یہ بھی بتایا کہ کل جملہ 912 افراد کی رپورٹ موصول ہوئی تھی جس میں سے 851لوگوں کی رپورٹ نگیٹیو آئی ہے۔اس کے علاوہ پیر کے دن جو پانچ کورونا پوزیٹیو افراد موبائیل فون سوئچ آف کرکے لاپتہ ہوگئے تھے ان میں سے 3لوگوں کا پتہ چل گیا ہے، لیکن دو متاثرین کے بارے میں ابھی کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔
محکمہ صحت کی طرف سے جاری بلیٹین کے مطابق اب اڈپی ضلع کووِڈ متاثرین کی تعداد کے اعتبارریاستی سطح پر اول مقام سے نیچے اتر کر دوسرے مقام پر آگیا ہے، جبکہ کلبرگی ضلع 561مریضوں کے ساتھ اول نمبر پر آگیا ہے۔
اس وقت اڈپی ضلع کے 17گرام پنچایتوں کے 26علاقوں کو سیل ڈاؤن کردیا گیا ہے۔کاپو تعلقہ کے شیروا میں واقع ڈی اے آر کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے گھر کو کوارنٹین کیا گیا ہے اور پورے شیروا گاؤں کو بفر زون میں تبدیل کیا گیا ہے۔بیندور تعلقہ میں جملہ 7گرام پنچایتوں کے 15علاقوں کو سیل ڈاؤن کیا گیا ہے۔ کنداپور تعلقہ کے ہیماڈی، تلور، بیجاڈی علاقوں کو سیل ڈاؤن کیا گیا ہے۔ کنداپور پولیس اسٹیشن کے حدود میں گُلواڈی،، کورکنجے کو کوارنٹین علاقہ قرار دیا گیا ہے۔برہماور تعلقہ کے ہیبری پولیس اسٹیشن کے حدود میں کلتور گرام کو سیل ڈان کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ آرنتوڈ نامی گاؤں میں ایک متاثرہ مریض کے ابتدائی رابطے میں آنے والے دو اشخاص ایک شادی کی تقریب میں شامل ہوئے تھے۔ اس کے بعد شادی میں شریک ہونے والے تمام افراد کی نشاندہی کرکے انہیں ہوم کوارنٹین کیا گیا ہے۔